Wednesday, August 12, 2020

بلاول بھٹو زر داری سے ایمل ولی خان کی ملاقات ، ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی

ملاقات میں پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق


 اسلام آباد ۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی گئی ۔ملاقات میں پارلیمان اور پارلیمان کے باہر اپوزیشن کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ اپوزیشن حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے، اس حکومت کی کوئی سمت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ یہ حکومت جتنے عرصے برقرار رہے گی، ملک اور عوام کا نقصان زیادہ ہوتا چلا جائے گا،حکومت چھوٹے صوبوں کے حقوق چھیننا چاہتی ہے،ہم چھوٹے صوبوں کے حقوق اور آئین کی پامالی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوںنے کہاکہ این ایف سی ایوارڈ کے معاملے میں حکومت کی جانب سے ناانصافی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملک کو ون یونٹ کی جانب دھکیلنے کی کوشش کو ہم ہر صورت میں ناکام بنائیں گے ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خدشات، تحفظات اور نکات سے ایمل ولی خان نے اتفاق کیا۔